Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

زبور 83 - کِتابِ مُقادّس


گِیت۔ آسف کا مزمُور۔


اِسرائیلؔ کے دُشمنوں کی شِکست کے لِئے اِلتجا

1 اَے خُدا! خاموش نہ رہ۔ اَے خُدا چُپ چاپ نہ ہو اور خاموشی اِختیار نہ کر!

2 کیونکہ دیکھ تیرے دُشمن اُودھم مچاتے ہیں اور تُجھ سے عداوت رکھنے والوں نے سر اُٹھایا ہے۔

3 کیونکہ وہ تیرے لوگوں کے خِلاف مکّاری سے منصُوبہ باندھتے ہیں اور اُن کے خِلاف جو تیری پناہ میں ہیں مشوَرہ کرتے ہیں۔

4 اُنہوں نے کہا آؤ ہم اِن کو کاٹ ڈالیں کہ اِن کی قَوم ہی نہ رہے اور اِسرائیل کے نام کا پِھر ذِکر نہ ہو۔

5 کیونکہ اُنہوں نے ایکا کر کے آپس میں مشوَرہ کِیا ہے۔ وہ تیرے خِلاف عہد باندھتے ہیں۔

6 یعنی ادوؔم کے اہلِ خَیمہ اور اسمٰعیلی موآب اور ہاجری۔

7 جبل اور عمُّون اور عمالِیق۔ فلِستِین اور صُور کے باشِندے۔

8 اسُور بھی اِن سے مِلا ہُؤا ہے۔ اُنہوں نے بنی لُوط کی کُمک کی ہے۔ (سِلاہ)

9 تُو اُن سے اَیسا کر جَیسا مِدیان سے اور جَیسا وادیِ قِیسُوؔن میں سِیسرا اور یابِین سے کِیا تھا۔

10 جو عَین دور میں ہلاک ہُوئے۔ وہ گویا زمِین کی کھاد ہو گئے۔

11 اُن کے سرداروں کو عوریب اور زئیب کی مانِند بلکہ اُن کے شاہزادوں کو زِبح اور ضِلمُنع کی مانِند بنا دے

12 جِنہوں نے کہا ہے آؤ ہم خُدا کی بستِیوں پر قبضہ کر لیں۔

13 اَے میرے خُدا! اُن کو بگُولے کی گرد کی مانِند بنا دے اور جَیسے ہوا کے آگے ڈنٹھل۔

14 اُس آگ کی طرح جو جنِگل کو جلا دیتی ہے۔ اُس شُعلہ کی طرح جو پہاڑوں میں آگ لگا دیتا ہے۔

15 تُو اِسی طرح اپنی آندھی سے اُن کا پِیچھا کر اور اپنے طُوفان سے اُن کو پریشان کر دے۔

16 اَے خُداوند! اُن کے چِہروں پر رُسوائی طاری کر تاکہ وہ تیرے نام کے طالِب ہوں۔

17 وہ ہمیشہ شرمِندہ اور پریشان رہیں۔ بلکہ وہ رُسوا ہو کر ہلاک ہو جائیں۔

18 تاکہ وہ جان لیں کہ تُو ہی جِس کا نام یہوواؔہ ہے تمام زمِین پر بُلند و بالا ہے۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات