زبور 48 - کِتابِ مُقادّسایک گِیت۔ بنی قورح کا مزمُور۔صیُّون - خُدا کا شہر 1 ہمارے خُدا کے شہر میں۔ اپنے کوہِ مُقدّس پر خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔ 2 شِمال کی جانِب کوہِ صِیُّون جو بڑے بادشاہ کا شہر ہے وہ بُلندی میں خُوش نُما اور تمام زمِین کا فخر ہے۔ 3 اُس کے محلّوں میں خُدا پناہ مانا جاتا ہے۔ 4 کیونکہ دیکھو! بادشاہ اِکٹّھے ہُوئے۔ وہ مِل کر گُذرے۔ 5 وہ دیکھ کر دنگ ہو گئے۔ وہ گھبرا کر بھاگے۔ 6 وہاں کپکپی نے اُن کو آ دبایا اور اَیسے درد نے جَیسا دردِ زِہ۔ 7 تُو پُوربی ہوا سے ترسِیس کے جہازوں کو توڑ ڈالتا ہے۔ 8 لشکروں کے خُداوند کے شہر میں یعنی اپنے خُدا کے شہر میں جَیسا ہم نے سُنا تھا وَیسا ہی ہم نے دیکھا۔ خُدا اُسے ہمیشہ برقرار رکھّے گا۔ (سِلاہ) 9 اَے خُدا! تیری ہَیکل کے اندر ہم نے تیری شفقت پر غَور کِیا ہے۔ 10 اَے خُدا! جَیسا تیرا نام ہے وَیسی ہی تیری سِتایش زمِین کی اِنتہا تک ہے۔ تیرا دہنا ہاتھ صداقت سے معمُور ہے۔ 11 تیرے احکام کے سبب سے کوہِ صِیُّون شادمان ہو یہُوداؔہ کی بیٹیاں خُوشی منائیں! 12 صِیُّون کے گِرد پِھرو اور اُس کا طواف کرو۔ اُس کے بُرجوں کو گِنو 13 اُس کی شہر پناہ کو خُوب دیکھ لو۔ اُس کے محلّوں پر غَور کرو تاکہ تُم آنے والی نسل کو اُس کی خبر دے سکو 14 کیونکہ یہی خُدا ابدُالآباد ہمارا خُدا ہے۔ یہی مَوت تک ہمارا ہادی رہے گا۔ |
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.
Pakistan Bible Society