زبور 3 - کِتابِ مُقادّسداؤُد کا مزمُور جب وہ اپنے بیٹے ابی سلوم کے سامنے سے بھاگا۔مدد کے لِئے صُبح کی دُعا 1 اَے خُداوند میرے ستانے والے کِتنے بڑھ گئے! وہ جو میرے خِلاف اُٹھتے ہیں بُہت ہیں۔ 2 بُہت سے میری جان کے بارے میں کہتے ہیں کہ خُدا کی طرف سے اُس کی کُمک نہ ہو گی۔ (سِلاہ) 3 لیکن تُو اَے خُداوند! ہر طرف میری سِپر ہے۔ میرا فخر اور سرفراز کرنے والا۔ 4 مَیں بُلند آواز سے خُداوند کے حضُور فریاد کرتا ہُوں اور وہ اپنے کوہِ مُقدّس پر سے مُجھے جواب دیتا ہے۔ (سِلاہ) 5 مَیں لیٹ کر سو گیا۔ مَیں جاگ اُٹھا کیونکہ خُداوند مُجھے سنبھالتا ہے۔ 6 مَیں اُن دس ہزار آدمِیوں سے نہیں ڈرنے کا جو گِرداگِرد میرے خِلاف صف بستہ ہیں۔ 7 اُٹھ اَے خُداوند! اَے میرے خُدا! مُجھے بچا لے! کیونکہ تُو نے میرے سب دُشمنوں کو جبڑے پر مارا ہے۔ تُو نے شرِیروں کے دانت توڑ ڈالے ہیں۔ 8 نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔ تیرے لوگوں پر تیری برکت ہو! (سِلاہ) |
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.
Pakistan Bible Society