Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

زبور 21 - کِتابِ مُقادّس


مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔


فتح یابی کے لِئے شُکرگُذاری

1 اَے خُداوند! تیری قُوّت سے بادشاہ خُوش ہو گا اور تیری نجات سے اُسے نہایت شادمانی ہو گی۔

2 تُو نے اُس کے دِل کی آرزُو پُوری کی ہے اور اُس کے مُنہ کی درخواست کو نامنظُور نہیں کِیا۔ (سِلاہ)

3 کیونکہ تُو اُسے عُمدہ برکتیں بخشنے میں پیش قدمی کرتا اور خالِص سونے کا تاج اُس کے سر پر رکھتا ہے۔

4 اُس نے تُجھ سے زِندگی چاہی اور تُو نے بخشی۔ بلکہ عُمر کی درازی ہمیشہ کے لِئے۔

5 تیری نجات کے سبب سے اُس کی شوکت عظیِم ہے۔ تُو اُسے حشمت و جلال سے آراستہ کرتا ہے۔

6 کیونکہ تُو ہمیشہ کے لِئے اُسے برکتوں سے مالا مال کرتا ہے اور اپنے حضُور اُسے خُوش و خُرّم رکھتا ہے۔

7 کیونکہ بادشاہ کا توکُّل خُداوند پر ہے اور حق تعالیٰ کی شفقت کی بدَولت اُسے ہرگز جُنبِش نہ ہو گی۔

8 تیرا ہاتھ تیرے سب دُشمنوں کو ڈھُونڈ نِکالے گا۔ تیرا دہنا ہاتھ تُجھ سے کِینہ رکھنے والوں کا پتہ لگا لے گا۔

9 تُو اپنے قہر کے وقت اُن کو جلتے تنُور کی مانِند کر دے گا۔ خُداوند اپنے غضب میں اُن کو نِگل جائے گا اور آگ اُن کو کھا جائے گی۔

10 تُو اُن کے پَھل کو زمِین پر سے نابُود کر دے گا اور اُن کی نسل کو بنی آدمؔ میں سے۔

11 کیونکہ اُنہوں نے تُجھ سے بدی کرنا چاہا۔ اُنہوں نے اَیسا منصُوبہ باندھا جِسے وہ پُورا نہیں کر سکتے۔

12 کیونکہ تُو اُن کا مُنہ پھیر دے گا۔ تُو اُن کے مُقابلہ میں اپنے چِلّے چڑھائے گا۔

13 اَے خُداوند! تُو اپنی ہی قُوّت میں سربُلند ہو! اور ہم گا کر تیری قُدرت کی سِتایش کریں گے۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات