Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

زبور 146 - کِتابِ مُقادّس


بچانے والے خُدا کی حمد

1 خُداوند کی حمد کرو! اَے میری جان خُداوند کی حمد کر!

2 مَیں عُمر بھر خُداوند کی حمد کرُوں گا۔ جب تک میرا وجُود ہے مَیں اپنے خُدا کی مدح سرائی کرُوں گا۔

3 نہ اُمرا پر بھروسا کرو نہ آدمؔ زاد پر۔ وہ بچا نہیں سکتا۔

4 اُس کا دَم نِکل جاتا ہے تو وہ مِٹّی میں مِل جاتا ہے۔ اُسی دِن اُس کے منصُوبے فنا ہو جاتے ہیں۔

5 خُوش نصِیب ہے وہ جِس کا مددگار یعقُوب کا خُدا ہے اور جِس کی اُمّید خُداوند اُس کے خُدا سے ہے

6 جِس نے آسمان اور زمِین اور سمُندر کو اور جو کُچھ اُن میں ہے بنایا۔ جو سچّائی کو ہمیشہ قائِم رکھتا ہے۔

7 جو مظلُوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔ جو بُھوکوں کو کھانا دیتا ہے۔ خُداوند قَیدِیوں کو آزاد کرتا ہے۔

8 خُداوند اندھوں کی آنکھیں کھولتا ہے۔ خُداوند جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔ خُداوند صادِقوں سے مُحبّت رکھتا ہے۔

9 خُداوند پردیسیوں کی حِفاظت کرتا ہے۔ وہ یتِیم اور بیوہ کو سنبھالتا ہے لیکن شرِیروں کی راہ ٹیڑھی کر دیتا ہے۔

10 خُداوند ابد تک سلطنت کرے گا۔ اَے صِیُّون! تیرا خُدا پُشت در پُشت۔ خُداوند کی حمد کرو۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات