Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

گنتی 20 - کِتابِ مُقادّس


قادِس کے واقعات

1 اور پہلے مہِینے میں بنی اِسرائیل کی ساری جماعت دشتِ صِین میں آ گئی اور وہ لوگ قادِس میں رہنے لگے اور مریمؔ نے وہاں وفات پائی اور وہیں دفن ہُوئی۔

2 اور جماعت کے لوگوں کے لِئے وہاں پانی نہ مِلا۔ سو وہ مُوسیٰ اور ہارُون کے برخِلاف اِکٹّھے ہُوئے۔

3 اور لوگ مُوسیٰ سے جھگڑنے اور یہ کہنے لگے ہائے کاش ہم بھی اُسی وقت مَر جاتے جب ہمارے بھائی خُداوند کے حضُور مَرے!

4 تُم خُداوند کی جماعت کو اِس دشت میں کیوں لے آئے ہو کہ ہم بھی اور ہمارے جانور بھی یہاں مَریں؟

5 اور تُم نے کیوں ہم کو مِصرؔ سے نِکال کر اِس بُری جگہ پُہنچایا ہے؟ یہ تو بونے کی اور انجِیروں اور تاکوں اور اناروں کی جگہ نہیں ہے بلکہ یہاں تو پِینے کے لِئے پانی تک مُیسّر نہیں۔

6 اور مُوسیٰ اور ہارُون جماعت کے پاس سے جا کر خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر اَوندھے مُنہ گِرے۔ تب خُداوند کا جلال اُن پر ظاہِر ہُؤا۔

7 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ

8 اُس لاٹھی کو لے اور تُو اور تیرا بھائی ہارُون تُم دونوں جماعت کو اِکٹّھا کرو اور اُن کی آنکھوں کے سامنے اُس چٹان سے کہو کہ وہ اپنا پانی دے اور تُو اُن کے لِئے چٹان ہی سے پانی نِکالنا۔ یُوں جماعت کو اور اُن کے چَوپایوں کو پِلانا۔

9 چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حضُور سے اُسی کے حُکم کے مُطابِق وہ لاٹھی لی۔

10 اور مُوسیٰ اور ہارُون نے جماعت کو اُس چٹان کے سامنے اِکٹّھا کِیا اور اُس نے اُن سے کہا سُنو اَے باغیو! کیا ہم تُمہارے لِئے اِسی چٹان سے پانی نِکالیں؟

11 تب مُوسیٰ نے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور اُس چٹان پر دو بار لاٹھی ماری اور کثرت سے پانی بہہ نِکلا اور جماعت نے اور اُن کے چَوپایوں نے پِیا۔

12 پر مُوسیٰ اور ہارُون سے خُداوند نے کہا چُونکہ تُم نے میرا یقِین نہیں کِیا کہ بنی اِسرائیل کے سامنے میری تقدِیس کرتے اِس لِئے تُم اِس جماعت کو اُس مُلک میں جو مَیں نے اُن کو دِیا ہے نہیں پُہنچانے پاؤ گے۔

13 مریبہ کا چشمہ یِہی ہے کیونکہ بنی اِسرائیل نے خُداوند سے جھگڑا کِیا اور وہ اُن کے درمیان قُدُّوس ثابِت ہُؤا۔


ادُوم کے بادشاہ نے اِسرائیلیوں کو راستہ نہ دِیا

14 اور مُوسیٰ نے قادِؔس سے ادُوم کے بادشاہ کے پاس ایلچی روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ تیرا بھائی اِسرائیلؔ یہ عرض کرتا ہے کہ تُو ہماری سب مُصیبِتوں سے جو ہم پر آئِیں واقِف ہے۔

15 کہ ہمارے باپ دادا مِصرؔ میں گئے اور ہم بُہت مُدّت تک مِصرؔ میں رہے اور مِصریوں نے ہم سے اور ہمارے باپ دادا سے بُرا برتاؤ کِیا۔

16 اور جب ہم نے خُداوند سے فریاد کی تو اُس نے ہماری سُنی اور ایک فرِشتہ کو بھیج کر ہم کو مِصرؔ سے نِکال لے آیا ہے اور اب ہم قادِس شہر میں ہیں جو تیری سرحد کے آخِر میں واقِع ہے۔

17 سو ہم کو اپنے مُلک میں سے ہو کر جانے کی اِجازت دے۔ ہم کھیتوں اور تاکِستانوں میں سے ہو کر نہیں گُذریں گے اور نہ کُنوؤں کا پانی پِئیں گے۔ ہم شاہراہ پر چل کر جائیں گے اور دہنے یا بائیں ہاتھ نہیں مُڑیں گے جب تک تیری سرحد سے باہر نِکل نہ جائیں۔

18 پر شاہِ ادُوم نے کہلا بھیجا کہ تُو میرے مُلک سے ہو کر جانے نہیں پائے گا ورنہ مَیں تلوار لے کر تیرا مُقابلہ کرُوں گا۔

19 بنی اِسرائیل نے اُسے پِھر کہلا بھیجا کہ ہم سڑک ہی سڑک جائیں گے اور اگر ہم یا ہمارے چَوپائے تیرا پانی بھی پِئیں تو اُس کا دام دیں گے۔ ہم کو اَور کُچھ نہیں چاہئے سِوا اِس کے کہ ہم کو پاؤں پاؤں چل کر نِکل جانے دے۔

20 پر اُس نے کہا تُو ہرگِز نِکلنے نہیں پائے گا اور ادوؔم اُس کے مُقابلہ کے لِئے بُہت سے آدمی اور ہتھیار لے کر نِکل آیا۔

21 یوں ادوؔم نے اِسرائیلؔ کو اپنی حدُود سے گُذرنے کا راستہ دینے سے اِنکار کِیا اِس لِئے اِسرائیلؔ اُس کی طرف سے مُڑ گیا۔


ہارُون کی وفات

22 اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت قادِؔس سے روانہ ہو کر کوہِ ہور پُہنچی۔

23 اور خُداوند نے کوہِ ہور پر جو ادوؔم کی سرحد سے مِلا ہُؤا تھا مُوسیٰ اور ہارُونؔ سے کہا۔

24 ہارُون اپنے لوگوں میں جا مِلے گا کیونکہ وہ اُس مُلک میں جو مَیں نے بنی اِسرائیل کو دِیا ہے جانے نہیں پائے گا اِس لِئے کہ مریبہ کے چشمہ پر تُم نے میرے کلام کے خِلاف عمل کِیا۔

25 سو تُو ہارُون اور اُس کے بیٹے الِیعزر کو اپنے ساتھ لے کر کوہِ ہور کے اُوپر آ جا۔

26 اور ہارُون کے لِباس کو اُتار کر اُس کے بیٹے الِیعزر کو پہنا دینا کیونکہ ہارُون وہیں وفات پا کر اپنے لوگوں میں جا مِلے گا۔

27 اور مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اور وہ ساری جماعت کی آنکھوں کے سامنے کوہِ ہور پر چڑھ گئے۔

28 اور مُوسیٰ نے ہارُون کے لِباس کو اُتار کر اُس کے بیٹے الِیعزر کو پہنا دِیا اور ہارُون نے وہیں پہاڑ کی چوٹی پر رِحلت کی۔ تب مُوسیٰ اور الِیعزر پہاڑ پر سے اُتر آئے۔

29 جب جماعت نے دیکھا کہ ہارُون نے وفات پائی تو اِسرائیلؔ کے سارے گھرانے کے لوگ ہارُون پر تِیس دِن تک ماتم کرتے رہے۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات