Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

لوقا 3 - کِتابِ مُقادّس


یُوحنّا بپتسِمہ دینے والے کی مُنادی
( متّی ۳‏:۱‏-۱۲ ؛ مرقس ۱‏:۱‏-۸ ؛ یُوحنّا ۱‏:۱۹‏-۲۸ )

1 تِبرِؔیُس قَیصر کی حُکُومت کے پندرھویں برس جب پُنطِیُس پِیلاطُسؔ یہُودیہ کا حاکِم تھا اور ہیرودؔیس گلِیل کا اور اُس کا بھائی فِلپُّس اِتُورؔیہِّ اور ترخونیؔتِس کا اور لِسانیاؔس اَبِلینے کا حاکِم تھا۔

2 اور حنّاہ اور کائِفا سردار کاہِن تھے اُس وقت خُدا کا کلام بیابان میں زکریاؔہ کے بیٹے یُوحنّا پر نازِل ہُؤا۔

3 اور وہ یَردؔن کے سارے گِرد و نواح میں جا کر گُناہوں کی مُعافی کے لِئے تَوبہ کے بپتِسمہ کی مُنادی کرنے لگا۔

4 جَیسا یسعیاہ نبی کے کلام کی کِتاب میں لِکھا ہے کہ بیابان میں پُکارنے والے کی آواز آتی ہے کہ خُداوند کی راہ تیّار کرو۔ اُس کے راستے سِیدھے بناؤ۔

5 ہر ایک گھاٹی بھر دی جائے گی اور ہر ایک پہاڑ اور ٹِیلہ نِیچا کِیا جائے گا اور جو ٹیڑھا ہے سیدھا اور جو اُونچا نِیچا ہے ہموار راستہ بنے گا۔

6 اور ہر بشر خُدا کی نجات دیکھے گا۔

7 پس جو لوگ اُس سے بپتِسمہ لینے کو نِکل کر آتے تھے وہ اُن سے کہتا تھا اَے سانپ کے بچّو! تُمہیں کِس نے جتایا کہ آنے والے غضب سے بھاگو؟

8 پس تَوبہ کے مُوافِق پَھل لاؤ اور اپنے دِلوں میں یہ کہنا شرُوع نہ کرو کہ ابرہامؔ ہمارا باپ ہے کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ خُدا اِن پتّھروں سے ابرہامؔ کے لِئے اَولاد پَیدا کر سکتا ہے۔

9 اور اب تو درختوں کی جڑ پر کُلہاڑا رکھّا ہے۔ پس جو درخت اچّھا پَھل نہیں لاتا وہ کاٹا اور آگ میں ڈالا جاتا ہے۔

10 لوگوں نے اُس سے پُوچھا پِھر ہم کیا کریں؟

11 اُس نے جواب میں اُن سے کہا جِس کے پاس دو کُرتے ہوں وہ اُس کو جِس کے پاس نہ ہو بانٹ دے اور جِس کے پاس کھانا ہو وہ بھی اَیسا ہی کرے۔

12 اور محصُول لینے والے بھی بپتِسمہ لینے کو آئے اور اُس سے پُوچھا کہ اَے اُستاد ہم کیا کریں؟

13 اُس نے اُن سے کہا جو تُمہارے لِئے مُقرّر ہے اُس سے زِیادہ نہ لینا۔

14 اور سِپاہیوں نے بھی اُس سے پُوچھا کہ ہم کیا کریں؟ اُس نے اُن سے کہا نہ کِسی پر ظُلم کرو اور نہ کِسی سے ناحق کُچھ لو اور اپنی تنخواہ پر کِفایت کرو۔

15 جب لوگ مُنتظِر تھے اور سب اپنے اپنے دِل میں یُوؔحنّا کی بابت سوچتے تھے کہ آیا وہ مسِیح ہے یا نہیں۔

16 تو یُوحنّا نے اُن سب سے جواب میں کہا مَیں تو تُمہیں پانی سے بپتِسمہ دیتا ہُوں مگر جو مُجھ سے زورآور ہے وہ آنے والا ہے۔ مَیں اُس کی جُوتی کا تسمہ کھولنے کے لائِق نہیں۔ وہ تُمہیں رُوحُ القُدس اور آگ سے بپتسِمہ دے گا۔

17 اُس کا چھاج اُس کے ہاتھ میں ہے تاکہ وہ اپنے کھلیہان کو خُوب صاف کرے اور گیہُوں کو اپنے کھتّے میں جمع کرے مگر بُھوسی کو اُس آگ میں جلائے گا جو بُجھنے کی نہیں۔

18 پس وہ اَور بُہت سی نصیحت کر کے لوگوں کو خُوشخبری سُناتا رہا۔

19 لیکن چَوتھائی مُلک کے حاکِم ہیرودؔیس نے اپنے بھائی فِلِپُّس کی بِیوی ہیرودِؔیاس کے سبب سے اور اُن سب بُرائیوں کے باعِث جو ہیرودؔیس نے کی تِھیں یُوحنّا سے ملامت اُٹھا کر۔

20 اِن سب سے بڑھ کر یہ بھی کِیا کہ اُس کو قَید میں ڈالا۔


یِسُوع کا بپتسِمہ
( متّی ۳‏:۱۳‏-۱۷ ؛ مرقس ۱‏:۹‏-۱۱ )

21 جب سب لوگوں نے بپتسِمہ لِیا اور یِسُوعؔ بھی بپتسِمہ پا کر دُعا کر رہا تھا تو اَیسا ہُؤا کہ آسمان کُھل گیا۔

22 اور رُوحُ القُدس جِسمانی صُورت میں کبُوتر کی مانِند اُس پر نازِل ہُؤا اور آسمان سے آواز آئی کہ تُو میرا پیارا بیٹا ہے۔ تُجھ سے مَیں خُوش ہُوں۔


یِسُوع کے آباواجداد

23 جب یِسُوعؔ خُود تعلِیم دینے لگا قرِیباً تِیس برس کا تھا اور (جَیسا کہ سمجھا جاتا تھا) یُوسفؔ کا بیٹا تھا اور وہ عیلی کا۔

24 اور وہ متّات کا اور وہ لاوؔی کا اور وہ ملکی کا اور وہ ینّا کا اور وہ یُوسفؔ کا۔

25 اور وہ مَتّتِیاؔہ کا اور وہ عامُوؔس کا اور وہ ناحُوؔم کا اور وہ اسلیاؔہ کا اور وہ نوگہ کا۔

26 اور وہ ماؔعَت کا اور وہ مَتّتیاؔہ کا اور وہ شِمعی کا اور وہ یوسیخ کا اور وہ یوداؔہ کا۔

27 اور وہ یُوحنّا کا اور وہ ریسا کا اور وہ زرُبّابِل کا اور وہ سیالتی ایل کا اور وہ نیرؔی کا۔

28 اور وہ ملکی کا اور وہ اَدّی کا اور وہ قوساؔم کا اور وہ اِلموداؔم کا اور وہ عیر کا۔

29 اور وہ یشُوؔع کا اور وہ الِیعزر کا اور وہ یورِؔیم کا اور وہ متّات کا اور وہ لاوؔی کا۔

30 اور وہ شمعُوؔن کا اور وہ یہُوداؔہ کا اور وہ یُوسفؔ کا اور وہ یوؔنان کا اور وہ الیاؔقِیم کا۔

31 اور وہ ملےؔآہ کا اور وہ مِنّاہ کا اور وہ متَّتاہ کا اور وہ ناتن کا اور وہ داؤُد کا۔

32 اور وہ یسّی کا اور وہ عوبید کا اور وہ بوعز کا اور وہ سلموؔن کا اور وہ نحسون کا۔

33 اور وہ عَمّینداؔب کا اور وہ ارؔنی کا اور وہ حصروؔن کا اور وہ فارؔص کا اور وہ یہُوداؔہ کا۔

34 اور وہ یعقُوبؔ کا اور وہ اِضحاقؔ کا اور وہ ابرہامؔ کا اور وہ تارؔہ کا اور وہ نحُور کا۔

35 اور وہ سُروؔج کا اور وہ رعُو کا اور وہ فلج کا اور وہ عِبر کا اور وہ سلح کا۔

36 اور وہ قیناؔن کا اور وہ اَرفکسد کا اور وہ سِم کا اور وہ نُوح کا اور وہ لَمک کا۔

37 اور وہ متُوؔسِلح کا اور وہ حَنُوؔک کا اور وہ یارِد کا اور وہ مَہلل ایل کا اور وہ قِیناؔن کا۔

38 اور وہ انُوس کا اور وہ سیتؔ کا اور وہ آدؔم کا اور وہ خُدا کا تھا۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات