Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

یرمیاہ 9 - کِتابِ مُقادّس

1 کاش کہ میرا سر پانی ہوتا اور میری آنکھیں آنسُوؤں کا چشمہ تاکہ مَیں اپنی بِنتِ قَوم کے مقتُولوں پر شب و روز ماتم کرتا!

2 کاش کہ میرے لِئے بیابان میں مُسافِر خانہ ہوتا تاکہ مَیں اپنی قَوم کو چھوڑ دیتا اور اُن میں سے نِکل جاتا! کیونکہ وہ سب بدکار اور دغاباز جماعت ہیں۔

3 وہ اپنی زُبان کو ناراستی کی کمان بناتے ہیں۔ وہ مُلک میں زورآور ہو گئے ہیں لیکن راستی کے لِئے نہیں کیونکہ وہ بُرائی سے بُرائی تک بڑھتے جاتے ہیں اور مُجھ کو نہیں جانتے خُداوند فرماتا ہے۔

4 ہر ایک اپنے ہمسایہ سے ہوشیار رہے اور تُم کِسی بھائی پر اِعتماد نہ کرو کیونکہ ہر ایک بھائی دغابازی سے دُوسرے کی جگہ لے لے گا اور ہر ایک ہمسایہ غَیبت کرتا پِھرے گا۔

5 اور ہر ایک اپنے ہمسایہ کو فریب دے گا اور سچ نہ بولے گا۔ اُنہوں نے اپنی زُبان کو جُھوٹ بولنا سِکھایا ہے اور بدکرداری میں جانفشانی کرتے ہیں۔

6 تیرا مسکن فریب کے درمِیان ہے۔ خُداوند فرماتا ہے فریب ہی سے وہ مُجھ کو جاننے سے اِنکار کرتے ہیں۔

7 اِس لِئے ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اُن کو پِگھلا ڈالُوں گا اور اُن کو آزماؤُں گا کیونکہ اپنی بِنتِ قَوم سے اَور کیا کرُوں؟

8 اُن کی زُبان مُہلِک تِیر ہے۔ اُس سے دغا کی باتیں نِکلتی ہیں۔ اپنے ہمسایہ کو مُنہ سے تو سلام کہتے ہیں پر باطِن میں اُس کی گھات میں بَیٹھتے ہیں۔

9 خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اِن باتوں کے لِئے اُن کو سزا نہ دُوں گا؟ کیا میری رُوح اَیسی قَوم سے اِنتِقام نہ لے گی؟

10 مَیں پہاڑوں کے لِئے گِریہ و زاری اور بیابان کی چراگاہوں کے لِئے نَوحہ کرُوں گا کیونکہ وہ یہاں تک جل گئِیں کہ کوئی اُن میں قدم نہیں رکھتا۔ چَوپایوں کی آواز سُنائی نہیں دیتی۔ ہوا کے پرِندے اور مویشی بھاگ گئے۔ وہ چلے گئے۔

11 مَیں یروشلیِم کو کھنڈر اور گِیدڑوں کا مسکن بنا دُوں گا اور یہُوداؔہ کے شہروں کو اَیسا وِیران کرُوں گا کہ کوئی باشِندہ نہ رہے گا۔

12 صاحِبِ حِکمت آدمی کَون ہے کہ اِسے سمجھے؟ اور وہ جِس سے خُداوند کے مُنہ نے فرمایا کہ اِس بات کا اِعلان کرے؟ کہ یہ سرزمِین کِس لِئے وِیران ہُوئی اور بیابان کی مانِند جل گئی کہ کوئی اِس میں قدم نہیں رکھتا؟

13 اور خُداوند فرماتا ہے اِس لِئے کہ اُنہوں نے میری شرِیعت کو جو مَیں نے اُن کے آگے رکھّی تھی ترک کر دِیا اور میری آواز کو نہ سُنا اور اُس کے مُطابِق نہ چلے۔

14 بلکہ اُنہوں نے اپنے ہٹّی دِلوں کی اور بعلیم کی پَیروی کی جِس کی اُن کے باپ دادا نے اُن کو تعلِیم دی تھی۔

15 اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِن کو ہاں اِن لوگوں کو ناگدَونا کھِلاؤُں گا اور اِندراین کا پانی پِلاؤُں گا۔

16 اور اِن کو اُن قَوموں میں جِن کو نہ یہ نہ اِن کے باپ دادا جانتے تھے تِتّربِتّر کرُوں گا اور تلوار اِن کے پِیچھے بھیج کر اِن کو نابُود کر ڈالُوں گا۔


یروشلیِم کے باشندے مدد کے لِئے پُکارتے ہیں

17 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ سوچو اور ماتم کرنے والی عَورتوں کو بُلاؤ کہ آئیں اور ماہِر عَورتوں کو بُلوا بھیجو کہ وہ بھی آئیں۔

18 اور جلدی کریں اور ہمارے لِئے نَوحہ اُٹھائیں تاکہ ہماری آنکھوں سے آنسُو جاری ہوں اور ہماری پلکوں سے سَیلابِ اشک بہہ نِکلے۔

19 یقِیناً صِیُّون سے نَوحہ کی آواز سُنائی دیتی ہے۔ ہم کَیسے غارت ہُوئے! ہم سخت رُسوا ہُوئے کیونکہ ہم وطن سے آوارہ ہُوئے اور ہمارے گھر گِرا دِئے گئے۔

20 اَے عَورتو! خُداوند کا کلام سُنو اور تُمہارے کان اُس کے مُنہ کی بات قبُول کریں اور تُم اپنی بیٹِیوں کو نَوحہ گری اور اپنی پڑوسنوں کو مرثِیہ خوانی سِکھاؤ۔

21 کیونکہ مَوت ہماری کِھڑکیوں میں چڑھ آئی ہے اور ہمارے قصروں میں گُھس بَیٹھی ہے تاکہ باہر بچّوں کو اور بازاروں میں جوانوں کو کاٹ ڈالے۔

22 کہہ دے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ آدمِیوں کی لاشیں مَیدان میں کھاد کی طرح گِریں گی اور اُس مُٹّھی بھر کی مانِند ہوں گی جو فصل کانٹے والے کے پِیچھے رہ جائے جِسے کوئی جمع نہیں کرتا۔

23 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ نہ صاحِبِ حِکمت اپنی حِکمت پر اور نہ قَوی اپنی قُوّت پر اور نہ مال دار اپنے مال پر فخر کرے۔

24 لیکن جو فخر کرتا ہے اِس پر فخر کرے کہ وہ سمجھتا اور مُجھے جانتا ہے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں جو دُنیا میں شفقت و عدل اور راست بازی کو عمل میں لاتا ہُوں کیونکہ میری خُوشنُودی اِن ہی باتوں میں ہے خُداوند فرماتا ہے۔

25 دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے جب مَیں سب مختُونوں کو نامختُونوں کے طَور پر سزا دُوں گا۔

26 مِصرؔ اور یہُوداؔہ اور ادُوؔم اور بنی عمُّون اور موآب کو اور اُن سب کو جو گاؤ دُم داڑھی رکھتے ہیں جو بیابان کے باشِندے ہیں کیونکہ یہ سب قَومیں نامختُون ہیں اور اِسرائیل کا سارا گھرانا دِل کا نامختُون ہے۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات