یسعیاہ 3 - کِتابِ مُقادّسیروشلیِم میں اَبتری اور بدنظمی 1 کیونکہ دیکھو خُداوند ربُّ الافواج یروشلیِم اور یہُوداؔہ سے سہارا اور تکیہ۔ روٹی کا تمام سہارا اور پانی کا تمام تکیہ دُور کر دے گا۔ 2 یعنی بہادُر اور صاحبِ جنگ کو قاضی اور نبی کو فال گِیرو کُہن سال کو۔ 3 پچاس پچاس کے سرداروں اور عِزّت داروں اور صلاح کاروں اور ہوشیار کارِیگروں اور ماہِر جادُوگروں کو۔ 4 اور مَیں لڑکوں کو اُن کے سردار بناؤُں گا اور ننّھے بچّے اُن پر حُکمرانی کریں گے۔ 5 لوگوں میں سے ہر ایک دُوسرے پر اور ہر ایک اپنے ہمسایہ پر سِتم کرے گا اور بچّے بُوڑھوں کی اور رذِیل شرِیفوں کی گُستاخی کریں گے۔ 6 جب کوئی آدمی اپنے باپ کے گھر میں اپنے بھائی کا دامن پکڑ کر کہے کہ تُو تو پوشاک والا ہے۔ آ تُو ہمارا حاکِم ہو اور اِس اُجڑے دیس پر قابِض ہو جا۔ 7 اُس روز وہ بُلند آواز سے کہے گا کہ مُجھ سے اِنتِظام نہیں ہو گا کیونکہ میرے گھر میں نہ روٹی ہے نہ کپڑا۔ مُجھے لوگوں کا حاکِم نہ بناؤ۔ 8 کیونکہ یروشلیِم کی بربادی ہو گئی اور یہُوداؔہ گِر گیا۔ اِس لِئے کہ اُن کی بول چال اور چال چلن خُداوند کے خِلاف ہیں کہ اُس کی جلالی آنکھوں کو غضب ناک کریں۔ 9 اُن کے مُنہ کی صُورت اُن پر گواہی دیتی ہے۔ وہ اپنے گُناہوں کو سدُوؔم کی مانِند ظاہِر کرتے ہیں اور چِھپاتے نہیں۔ اُن کی جانوں پر واوَیلا ہے! کیونکہ وہ آپ اپنے اُوپر بلا لاتے ہیں۔ 10 راست بازوں کی بابت کہو کہ بھلا ہو گا کیونکہ وہ اپنے کاموں کا پَھل کھائیں گے۔ 11 شرِیروں پر واوَیلا ہے! کہ اُن کو بدی پیش آئے گی کیونکہ وہ اپنے ہاتھوں کا کِیا پائیں گے۔ 12 میرے لوگوں کی یہ حالت ہے کہ لڑکے اُن پر ظُلم کرتے ہیں اور عَورتیں اُن پر حُکمران ہیں۔ اَے میرے لوگو! تُمہارے پیشوا تُم کو گُمراہ کرتے ہیں اور تُمہارے چلنے کی راہوں کو بِگاڑتے ہیں۔ خُدا اپنے لوگوں کی عدالت کرتا ہے 13 خُداوند کھڑا ہے کہ مُقدّمہ لڑے اور لوگوں کی عدالت کرے۔ 14 خُداوند اپنے لوگوں کے بزُرگوں اور اُن کے سرداروں کی عدالت کرنے کو آئے گا۔ تُم ہی ہو جو تاکِستان چٹ کر گئے ہو اور مِسکِینوں کی لُوٹ تُمہارے گھروں میں ہے۔ 15 خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے کہ اِس کے کیا معنی ہیں کہ تُم میرے لوگوں کو دباتے اور مِسکِینوں کے سرکُچلتے ہو؟ یروشلیِم کی عَورتوں کو اِنتباہ 16 اور خُداوند فرماتا ہے چُونکہ صِیّون کی بیٹیاں مُتکبّر ہیں اور گردن کشی اور شوخ چشمی سے خِرامان ہوتی ہیں اور اپنے پاؤں سے ناز رفتاری کرتی اور گُھنگھرُو بجاتی جاتی ہیں۔ 17 اِس لِئے خُداوند صِیّون کی بیٹیوں کے سر گنجے اور یہُوواؔہ اُن کے بدن بے پردہ کر دے گا۔ 18 اُس دِن خُداوند اُن کے خلخال کی زیبایش اور جالِیاں اور چاند لے لے گا۔ 19 اور آویزے اور پہنچیاں اور نِقاب۔ 20 اور تاج اور پازیب اور پٹکے اور عِطردان اور تعوِیذ۔ 21 اور انگُوٹِھیاں اور نتھ۔ 22 اور نفِیس پوشاکیں اور اوڑھنِیاں اور دوپٹے اور کِیسے۔ 23 اور آرسِیاں اور بارِیک کتانی لِباس اور دستاریں اور بُرقعے بھی۔ 24 اور یُوں ہو گا کہ خُوشبُو کے عِوض سڑاہٹ ہو گی اور پٹکے کے بدلے رسّی اور گُندھے ہُوئے بالوں کی جگہ چندلاپن اور نفِیس لِباس کے عِوض ٹاٹ اور حُسن کے بدلے داغ۔ 25 تیرے بہادُر تہِ تیغ ہوں گے اور تیرے پہلوان جنگ میں قتل ہوں گے۔ 26 اُس کے پھاٹک ماتم اور نَوحہ کریں گے اور وہ اُجاڑ ہو کر خاک پر بَیٹھے گی۔ |
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.
Pakistan Bible Society