Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

پیدایش 5 - کِتابِ مُقادّس


آدمؔ کی نسل

1 یہ آدمؔ کا نسب نامہ ہے۔ جِس دِن خُدا نے آدمؔ کو پَیدا کِیا تو اُسے اپنی شبِیہ پر بنایا۔

2 نر اور ناری اُن کو پَیدا کِیا اور اُن کو برکت دی اور جِس روز وہ خلق ہُوئے اُن کا نام آدمؔ رکھّا۔

3 اور آدمؔ ایک سَو تِیس برس کا تھا جب اُس کی صُورت و شبِیہ کا ایک بیٹا اُس کے ہاں پَیدا ہُؤا اور اُس نے اُس کا نام سیتؔ رکھّا۔

4 اور سیتؔ کی پَیدایش کے بعد آدمؔ آٹھ سَو برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں۔

5 اور آدمؔ کی کُل عُمر نو سَو تِیس برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

6 اور سیتؔ ایک سَو پانچ برس کا تھا جب اُس سے انُوسؔ پَیدا ہُؤا۔

7 اور انُوسؔ کی پَیدایش کے بعد سیتؔ آٹھ سَو سات برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیں۔

8 اور سیتؔ کی کُل عُمر نو سَو بارہ برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

9 اور انُوسؔ نوّے برس کا تھا جب اُس سے قِینانؔ پَیدا ہُؤا۔

10 اور قِینانؔ کی پَیدایش کے بعد انُوسؔ آٹھ سَو پندرہ برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیِں۔

11 اور انُوسؔ کی کُل عُمر نو سَو پانچ برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

12 اور قِینانؔ ستّر برس کا تھا جب اُس سے مَحَلَل ایلؔ پَیدا ہُؤا۔

13 اور مَحَلَل ایلؔ کی پَیدایش کے بعد قِینانؔ آٹھ سَو چالِیس برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیِں۔

14 اور قِینانؔ کی کُل عُمر نو سَو دس برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

15 اور مَحَلَل ایلؔ پَینسٹھ برس کا تھا جب اُس سے یارد پَیدا ہُؤا۔

16 اور یارد کی پَیدایش کے بعد مَحَلَل ایلؔ آٹھ سَو تِیس برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیِں۔

17 اور مَحَلَل ایلؔ کی کُل عُمر آٹھ سَو پچانوے برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

18 اور یارد ایک سَو باسٹھ برس کا تھا جب اُس سے حنُوؔک پَیدا ہُؤا۔

19 اور حنُوؔک کی پَیدایش کے بعد یارد آٹھ سَو برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیِں۔

20 اور یارد کی کُل عُمر نو سَو باسٹھ برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

21 اور حنُوؔک پَینسٹھ برس کا تھا جب اُس سے متوسِلح ؔپَیدا ہُؤا۔

22 اور متوسِلحؔ کی پَیدایش کے بعد حنُوؔک تِین سَو برس تک خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیِں۔

23 اور حنُوؔک کی کُل عُمر تِین سَو پَینسٹھ برس کی ہُوئی۔

24 اور حنُوؔک خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا اور وہ غائِب ہو گیا کیونکہ خُدا نے اُسے اُٹھا لِیا۔

25 اور متوسِلحؔ ایک سَو ستاسی برس کا تھا جب اُس سے لمکؔ پَیدا ہُؤا۔

26 اور لمکؔ کی پَیدایش کے بعد متوسِلحؔ سات سَو بیاسی برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیِں۔

27 اور متوسِلحؔ کی کُل عُمر نو سَو اُنہتر برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

28 اور لمکؔ ایک سَو بیاسی برس کا تھا جب اُس سے ایک بیٹا پَیدا ہُؤا۔

29 اور اُس نے اُس کا نام نُوحؔ رکھّا اور کہا کہ یہ ہمارے ہاتھوں کی مِحنت اور مشقّت سے جو زمِین کے سبب سے ہے جِس پر خُدا نے لَعنت کی ہے ہمیں آرام دے گا۔

30 اور نُوحؔ کی پَیدایش کے بعد لمکؔ پانچ سَو پچانوے برس جِیتا رہا اور اُس سے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئیِں۔

31 اور لمکؔ کی کُل عُمر سات سَو سَتتَّر برس کی ہُوئی۔ تب وہ مَرا۔

32 اور نُوحؔ پانچ سَو برس کا تھا جب اُس سے سم، حام اور یافت پَیدا ہُوئے۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات