Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

عاموس 3 - کِتابِ مُقادّس

1 اَے بنی اِسرائیل! اَے سب لوگو جِن کو مَیں مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا یہ بات سُنو جو خُداوند تُمہاری بابت فرماتا ہے۔

2 دُنیا کے سب گھرانوں میں سے مَیں نے صِرف تُم کو برگُزِیدہ کِیا ہے اِس لِئے مَیں تُم کو تُمہاری ساری بدکرداری کی سزا دُوں گا۔


نبی کا کام اور ذِمّہ داری

3 اگر دو شخص باہم مُتّفِق نہ ہوں تو کیا اِکٹّھے چل سکیں گے؟

4 کیا شیرِ بَبر جنگل میں گرجے گا جب کہ اُس کو شِکار نہ مِلا ہو؟ اور اگر جوان شیر نے کُچھ نہ پکڑا ہو تو کیا وہ غار میں سے اپنی آواز کو بُلند کرے گا؟

5 کیا کوئی چِڑیا زمِین پر دام میں پھنس سکتی ہے جب کہ اُس کے لِئے دام ہی نہ بِچھایا گیا ہو؟ کیا پھندا جب تک کہ کُچھ نہ کُچھ اُس میں پھنسا نہ ہو زمِین پر سے اُچھلے گا؟

6 کیا یہ مُمکِن ہے کہ شہر میں نرسِنگا پُھونکا جائے اور لوگ نہ کانپیں یا کوئی بلا شہر پر آئے اور خُداوند نے اُسے نہ بھیجا ہو؟

7 یقِیناً خُداوند خُدا کُچھ نہیں کرتا جب تک کہ اپنا بھید اپنے خِدمت گُذار نبِیوں پر پہلے آشکارا نہ کرے۔

8 شیرِ بَبر گرجا ہے۔ کَون نہ ڈرے گا؟ خُداوند خُدا نے فرمایا ہے۔ کَون نبُوّت نہ کرے گا؟


سامریہ کا حَشر

9 اشدُود کے قصروں میں اور مُلکِ مِصرؔ کے قصروں میں مُنادی کرو اور کہو سامرؔیہ کے پہاڑوں پر جمع ہو جاؤ اور دیکھو اُس میں کَیسا ہنگامہ اور ظُلم ہے۔

10 کیونکہ وہ نیکی کرنا نہیں جانتے خُداوند فرماتا ہے جو اپنے قصروں میں ظُلم اور لُوٹ کو جمع کرتے ہیں۔

11 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دُشمن مُلک کا مُحاصرہ کرے گا اور تیری قُوّت کو تُجھ سے دُور کرے گا اور تیرے قصر لُوٹے جائیں گے۔

12 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح سے چرواہا دو ٹانگیں یا کان کا ایک ٹُکڑا شیرِ بَبر کے مُنہ سے چُھڑا لیتا ہے اُسی طرح بنی اِسرائیل جو سامرؔیہ میں پلنگ کے گوشہ میں اور ریشمِین فرش پر بَیٹھے رہتے ہیں چُھڑا لِئے جائیں گے۔

13 خُداوند خُدا ربُّ الافواج فرماتا ہے سُنو اور بنی یعقُوب کے خِلاف گواہی دو۔

14 کیونکہ جب مَیں اِسرائیل کے گُناہوں کی سزا دُوں گا تو بَیت ایل کے مذبحوں کو بھی دیکھ لُوں گا اور مذبح کے سِینگ کٹ کر زمِین پر گِر جائیں گے۔

15 اور خُداوند فرماتا ہے مَیں زمِستانی اور تابِستانی گھروں کو برباد کرُوں گا اور ہاتھی دانت کے گھر مِسمار کِئے جائیں گے اور بُہت سے مکان وِیران ہوں گے۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات