Biblia Todo Logo
آن لائن بائبل

- اشتہارات -

اعمال 1 - کِتابِ مُقادّس


تمہید

1 اَے تھِیُفِلُس! مَیں نے پہلا رِسالہ اُن سب باتوں کے بیان میں تصنِیف کِیا جو یِسُوعؔ شرُوع میں کرتا اور سِکھاتا رہا۔

2 اُس دِن تک جِس میں وہ اُن رسُولوں کو جِنہیں اُس نے چُنا تھا رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے حُکم دے کر اُوپر اُٹھایا گیا۔

3 اُس نے دُکھ سہنے کے بعد بُہت سے ثبُوتوں سے اپنے آپ کو اُن پر زِندہ ظاہِر بھی کِیا۔ چُنانچہ وہ چالِیس دِن تک اُنہیں نظر آتا اور خُدا کی بادشاہی کی باتیں کہتا رہا۔

4 اور اُن سے مِل کر اُن کو حُکم دِیا کہ یروشلِیم سے باہر نہ جاؤ بلکہ باپ کے اُس وعدہ کے پُورا ہونے کے مُنتظِر رہو جِس کا ذِکر تُم مُجھ سے سُن چُکے ہو۔

5 کیونکہ یُوحنّا نے تو پانی سے بپتِسمہ دِیا مگر تُم تھوڑے دِنوں کے بعد رُوحُ القُدس سے بپتِسمہ پاؤ گے۔


یِسُوع کا آسمان پر اُٹھایا جانا

6 پس اُنہوں نے جمع ہو کر اُس سے یہ پُوچھا کہ اَے خُداوند! کیا تُو اِسی وقت اِسرائیلؔ کو بادشاہی پِھر عطا کرے گا؟

7 اُس نے اُن سے کہا اُن وقتوں اور مِیعادوں کا جاننا جِنہیں باپ نے اپنے ہی اِختیار میں رکھّا ہے تُمہارا کام نہیں۔

8 لیکن جب رُوحُ القُدس تُم پر نازِل ہو گا تو تُم قُوّت پاؤ گے اور یروشلِیم اور تمام یہُودیہ اور سامرؔیہ میں بلکہ زمِین کی اِنتِہا تک میرے گواہ ہو گے۔

9 یہ کہہ کر وہ اُن کے دیکھتے دیکھتے اُوپر اُٹھا لِیا گیا اور بدلی نے اُسے اُن کی نظروں سے چُھپا لِیا۔

10 اور اُس کے جاتے وقت جب وہ آسمان کی طرف غَور سے دیکھ رہے تھے تو دیکھو دو مَرد سفید پَوشاک پہنے اُن کے پاس آ کھڑے ہُوئے۔

11 اور کہنے لگے اَے گلِیلی مَردو! تُم کیوں کھڑے آسمان کی طرف دیکھتے ہو؟ یِہی یِسُوعؔ جو تُمہارے پاس سے آسمان پر اُٹھایا گیا ہے اِسی طرح پِھر آئے گا جِس طرح تُم نے اُسے آسمان پر جاتے دیکھا ہے۔


یہُوداؔہ کا جانشین

12 تب وہ اُس پہاڑ سے جو زَیتُوؔن کا کہلاتا ہے اور یروشلِیم کے نزدِیک سَبت کی منزِل کے فاصِلہ پر ہے یروشلِیم کو پِھرے۔

13 اور جب اُس میں داخِل ہُوئے تو اُس بالاخانہ پر چڑھے جِس میں وہ یعنی پطرؔس اور یُوحنّا اور یعقُوبؔ اور اندرؔیاس اور فِلِپُّس اور توؔما اور برتُلماؔئی اور متّی اور حلفئی کا بیٹا یعقُوبؔ اور شمعُوؔن زیلوتیس اور یعقُوبؔ کا بیٹا یہُوداؔہ رہتے تھے۔

14 یہ سب کے سب چند عَورتوں اور یِسُوعؔ کی ماں مریمؔ اور اُس کے بھائِیوں کے ساتھ ایک دِل ہو کر دُعا میں مشغُول رہے۔

15 اور اُن ہی دِنوں پطرؔس بھائِیوں میں جو تخمِیناً ایک سَو بِیس شخصوں کی جماعت تھی کھڑا ہو کر کہنے لگا۔

16 اَے بھائِیو اُس نوِشتہ کا پُورا ہونا ضرُور تھا جو رُوحُ القُدس نے داؤُد کی زُبانی اُس یہُوداؔہ کے حق میں پہلے سے کہا تھا جو یِسُوع کے پکڑنے والوں کا رہنُما ہُؤا۔

17 کیونکہ وہ ہم میں شُمار کِیا گیا اور اُس نے اِس خِدمت کا حِصّہ پایا۔

18 (اُس نے بدکاری کی کمائی سے ایک کھیت حاصِل کِیا اور سر کے بَل گِرا اور اُس کا پیٹ پھٹ گیا اور اُس کی سب انتڑِیاں نِکل پڑِیں۔

19 اور یہ یروشلِیم کے سب رہنے والوں کو معلُوم ہُؤا۔ یہاں تک کہ اُس کھیت کا نام اُن کی زُبان میں ہَقَل دؔما پڑ گیا یعنی خُون کا کھیت)۔

20 کیونکہ زبُور میں لِکھا ہے کہ اُس کا گھر اُجڑ جائے اور اُس میں کوئی بسنے والا نہ رہے اور اُس کا عُہدہ دُوسرا لے لے۔

21 پس جِتنے عرصہ تک خُداوند یِسُوعؔ ہمارے ساتھ آتا جاتا رہا یعنی یُوحنّا کے بپتِسمہ سے لے کر خُداوند کے ہمارے پاس سے اُٹھائے جانے تک جو برابر ہمارے ساتھ رہے۔

22 چاہئے کہ اُن میں سے ایک مَرد ہمارے ساتھ اُس کے جی اُٹھنے کا گواہ بنے۔

23 پِھر اُنہوں نے دو کو پیش کِیا۔ ایک یُوسفؔ کو جو برسبّا کہلاتا اور جِس کا لقب یُوؔستُس ہے۔ دُوسرا متّیاؔہ کو۔

24 اور یہ کہہ کر دُعا کی کہ اَے خُداوند! تُو جو سب کے دِلوں کی جانتا ہے۔ یہ ظاہِر کر کہ اِن دونوں میں سے تُو نے کِس کو چُنا ہے۔

25 کہ وہ اِس خِدمت اور رِسالت کی جگہ لے جِسے یہُوداؔہ چھوڑ کر اپنی جگہ گیا۔

26 پِھر اُنہوں نے اُن کے بارے میں قُرعہ ڈالا اور قُرعہ متّیاؔہ کے نام کا نِکلا۔ پس وہ اُن گیارہ رسُولوں کے ساتھ شُمار ہُؤا۔

Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.

Pakistan Bible Society
ہمیں فالو کریں:



اشتہارات