اور اگر تیرا ہاتھ تُجھے ٹھوکر کِھلائے تو اُسے کاٹ ڈال۔ ٹُنڈا ہو کر زِندگی میں داخِل ہونا تیرے لِئے اِس سے بِہتر ہے کہ دو ہاتھ ہوتے جہنّم کے بِیچ اُس آگ میں جائے جو کبھی بُجھنے کی نہیں۔
اور اگر تیرا پاؤں تُجھے ٹھوکر کِھلائے تو اُسے کاٹ ڈال۔ لنگڑا ہو کر زِندگی میں داخِل ہونا تیرے لِئے اِس سے بِہتر ہے کہ دو پاؤں ہوتے جہنّم میں ڈالا جائے۔
وہ گُنہگار جو صِیُّون میں ہیں ڈر گئے۔ کپکپی نے بے دِینوں کو آ دبایا ہے۔ کَون ہم میں سے اُس مُہلِک آگ میں رہ سکتا ہے؟ اور کَون ہم میں سے ابدی شُعلوں کے درمِیان بس سکتا ہے؟
اور وہ نِکل نِکل کر اُن لوگوں کی لاشوں پر جو مُجھ سے باغی ہُوئے نظر کریں گے کیونکہ اُن کا کِیڑا نہ مَرے گا اور اُن کی آگ نہ بُجھے گی اور وہ تمام بنی آدمؔ کے لِئے نفرتی ہوں گے۔
اُس کا چھاج اُس کے ہاتھ میں ہے اور وہ اپنے کھلیہان کو خُوب صاف کرے گا اور اپنے گیہُوں کو تو کھتّے میں جمع کرے گا مگر بُھوسی کو اُس آگ میں جلائے گا جو بُجھنے کی نہیں۔
وہ خُدا کے قہر کی اُس خالِص مَے کو پِئے گا جو اُس کے غضب کے پِیالے میں بھری گئی ہے اور پاک فرِشتوں کے سامنے اور برّہ کے سامنے آگ اور گندھک کے عذاب میں مُبتلا ہو گا۔
اور اُن کا گُمراہ کرنے والا اِبلِیس آگ اور گندھک کی اُس جِھیل میں ڈالا جائے گا جہاں وہ حَیوان اور جُھوٹا نبی بھی ہو گا اور وہ رات دِن ابدُالآباد عذاب میں رہیں گے۔
مگر بُزدِلوں اور بے اِیمانوں اور گِھنَونے لوگوں اور خُونِیوں اور حرام کاروں اور جادُوگروں اور بُت پرستوں اور سب جُھوٹوں کا حِصّہ آگ اور گندھک سے جَلنے والی جِھیل میں ہو گا۔ یہ دُوسری مَوت ہے۔