اور مَیں عدالت کے لِئے تُمہارے نزدِیک آؤُں گا اور جادُوگروں اور بدکاروں اور جُھوٹی قَسم کھانے والوں کے خِلاف اور اُن کے خِلاف بھی جو مزدُوروں کو مزدُوری نہیں دیتے اور بیواؤں اور یتِیموں پر سِتم کرتے اور مُسافِروں کی حق تلفی کرتے ہیں اور مُجھ سے نہیں ڈرتے مُستعِد گواہ ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
خُداوند اپنے لوگوں کے بزُرگوں اور اُن کے سرداروں کی عدالت کرنے کو آئے گا۔ تُم ہی ہو جو تاکِستان چٹ کر گئے ہو اور مِسکِینوں کی لُوٹ تُمہارے گھروں میں ہے۔
یعنی جو آدمی کو اُس کے مُقدّمہ میں مُجرِم ٹھہراتے اور اُس کے لِئے جِس نے عدالت سے پھاٹک پر مُقدّمہ فَیصل کِیا پھندا لگاتے اور راست باز کو بے سبب برگشتہ کرتے ہیں۔
تیرے سردار گردن کش اور چوروں کے ساتھی ہیں۔ اُن میں سے ہر ایک رِشوت دوست اور اِنعام کا طالِب ہے۔ وہ یتِیموں کا اِنصاف نہیں کرتے اور بیواؤں کی فریاد اُن تک نہیں پُہنچتی۔
اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسیِو تُم پر افسوس! کہ آسمان کی بادشاہی لوگوں پر بند کرتے ہو کیونکہ نہ تو آپ داخِل ہوتے ہو اور نہ داخِل ہونے والوں کو داخِل ہونے دیتے ہو۔
وہ مِسکِینوں کے سر پر کی گرَد کا بھی لالچ رکھتے ہیں اور حلِیموں کو اُن کی راہ سے گُمراہ کرتے ہیں اور باپ بیٹا ایک ہی عَورت کے پاس جانے سے میرے مُقدّس نام کی تکفِیر کرتے ہیں۔
سو ربُّ الافواج کا تاکِستان بنی اِسرائیل کا گھرانا ہے اور بنی یہُوداؔہ اُس کا خُوش نُما پَودا ہے۔ اُس نے اِنصاف کا اِنتظار کِیا پر خُون ریزی دیکھی۔ وہ داد کا مُنتظِر رہا پر فریاد سُنی۔
کیونکہ احمق حماقت کی باتیں کرے گا اور اُس کا دِل بدی کا منصُوبہ باندھے گا کہ بے دِینی کرے اور خُداوند کے خِلاف دروغ گوئی کرے اور بُھوکے کے پیٹ کو خالی کرے اور پِیاسے کو پانی سے محرُوم رکھّے۔
خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے صادِق کو رُوپیہ کی خاطِر اور مِسکِین کو جُوتِیوں کے جوڑے کی خاطِر بیچ ڈالا۔