اور ہارُونؔ سال میں ایک بار اُس کے سِینگوں پر کفّارہ دے۔ تُمہاری پُشت در پُشت سال میں ایک بار اِس خطا کی قُربانی کے خُون سے جو کفّارہ کے لِئے ہو اُس کے واسطے کفّارہ دِیا جائے۔ یہ خُداوند کے لِئے سب سے زِیادہ پاک ہے۔
جب تُو بنی اِسرائیل کا شُمار کرے تو جِتنوں کا شُمار ہُؤا ہو وہ فی مَرد شُمار کے وقت اپنی جان کا فِدیہ خُداوند کے لِئے دیں تاکہ جب تُو اُن کا شُمار کر رہا ہو اُس وقت کوئی وبا اُن میں پَھیلنے نہ پائے۔
بنی اِسرائیل کی ساری جماعت میں بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے جِتنے اِسرائیلی جنگ کرنے کے قابِل ہیں اُن سبھوں کو اُن کے آبائی خاندانوں کے مُطابِق گِنو۔