اُنہُوں نے یَاہوِہ کے قوانین کو ردّ کر دیا اَور اُس عہد کو حقیر جانا جسے یَاہوِہ نے اُن کے آباؤاَجداد کے ساتھ باندھا تھا۔ اُنہُوں نے اُن کی رسموں کو ترک کر دیا جِن کی مَعرفت سے یَاہوِہ اُنہیں آگاہ کرنا چاہتے تھے۔ اَور اُنہُوں نے نکمّے بُتوں کی پرستش کی اَور بطالت کے شِکار ہو گئے۔ اَور اَپنے اِردگرد کی پڑوسی قوموں کی مانند ہو گئے۔ حالانکہ یَاہوِہ نے اُنہیں بالکُل صَاف لفظوں میں تاکید کی تھی، ”تُم اُن قوموں کے نقش قدم پر مت چلنا۔“
